حزب اللہ کو خلع سلاح کرنے کا امریکہ کا نیا منصوبہ،لبنانی حکومت کو اربوں ڈالر کی پیشکش
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایک اسرائیل ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور خلیجی ممالک نے حکومتِ لبنان کو اربوں ڈالر کی پیشکش کی ہے، بشرطیکہ وہ حزب اللہ کو مکمل طور پر غیر مسلح کر دے۔
بدھ کو عبری زبان کے پورٹل بیت حریدیوں نے رپورٹ کیا کہ چونکہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری امریکی کوششیں حزب اللہ کو کمزور یا غیر مسلح کرنے میں ناکام رہی ہیں، اسی لیے امریکہ نے چند خلیجی عرب ممالک کے ساتھ مل کر نئی اور پرکشش مالی ڈیل کی پیشکش کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، لبنان کے ایک آزاد مخالفِ حزب اللہ ٹی وی چینل MTV نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور خلیجی ریاستیں ایک بڑے مالی امدادی پیکج کی تیاری کر رہی ہیں، جس کا مقصد حکومتِ لبنان کے ذریعے حزب اللہ پر دباؤ بڑھانا ہے۔
MTV کے مطابق، امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیشکش کی مالیت 16 ارب ڈالر ہے۔ تاہم یہ شرط رکھی گئی ہے کہ لبنان کی حکومت یہ امداد اس صورت میں حاصل کر سکتی ہے اگر وہ حزب اللہ کو مکمل طور پر، نہ کہ جزوی طور پر، غیر مسلح کر دے۔
ادھر اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارانوت نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کل (جمعرات) ایک اہم اجلاس منعقد کرے گی، جس میں حزب اللہ کے خلاف ممکنہ اقدامات اور مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، یہ نئی پیشکش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ واشنگٹن اور اس کے علاقائی اتحادی حزب اللہ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بارے میں شدید پریشان ہیں۔
آپ کا تبصرہ